دوحہ ۱۷جون:(ایس او نیوز؍موصولہ رپورٹ) قطر میں شائقین اردوکی عظیم ادبی تنظیم ’کاروانِ اردو قطر‘ کی مجلس عاملہ کی میٹنگ 10 جون ، شب گیارہ بجے کاروان کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر محمداسلم خان صاحب کے دولت کدے پر منعقد ہوئی جس میں انجمن کے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا اور 9 جولائی 2016 کو عید ملن مشاعرے کا انعقاد طے پایا۔ ماہانہ ادبی نشستوں کے علاوہ ایک بڑے عالمی مشاعرے کا انعقاد بھی زیر غور آیا،اس میٹنگ میں دوحہ کے ابھرتے ہوئے شاعر جناب راشد عالم راشد کو باتفاق رائے کاروان کانائب صدر منتخب کیا گیا ، جبکہ جناب رمیض احمد تقی کو جوائنٹ میڈیا سکریٹری اور ڈاکٹر وصی الحق وصی کو رکن اساسی منتخب کیا گیا۔ میٹنگ کی صدارت کاروان کے بانی صدر جناب عتیق انظر نے کی اور تلاوت قرآن کریم کی سعادت کاروان کے فعال رکن جناب محمد فاروق آسامی نے حاصل کی، ایسٹرن یونین کمپنی کے ڈائریکٹر اور کارواں کے جنرل سکریٹری جناب شاہد خان نے میٹنگ کی نظامت کی۔میٹنگ کے اختتام پر جوائنٹ سکریٹری جناب محمد اسلم خان نے پر تکلف سحری سے حاضرین کی ضیافت کی،جبکہ جناب عتیق انظر (بانی صدر)،جناب شاہد خان (جنرل سکریٹری)،ڈاکٹر ابو سعد احمد (نائب صدر)،جناب حسیب الرحمان (نائب صدر)،جناب راشد عالم راشد (نائب صدر)،ڈاکٹر محمد اسلم (جوائنٹ سکریٹری)،ڈاکٹر نشاط احمد صدیقی (میڈیا سکریٹری)، جناب سید رفیع الدین عمری (رابطہ سکریٹری) اورجناب محمد فاروق آسامی (رکن اساسی)خاص طورپراس میٹنگ میں شریک رہے اوراپنے قیمتی مشوروںسے نوازا۔